عمران خان کی بہن نورین خان کے معرکۂ حق میں بھارت کے خلاف پاک فوج کی تاریخی کامیابی پر متنازعہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس پر صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران نورین خان نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ایک “ڈرامہ” تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے، وہ روس کے ساتھ ملکر سپر پاور بن گیا ہے۔ اگر مودی چاہتا تو معرکہ حق میں “دو منٹ میں پاکستان کو فکس کردیتا”۔
اپنے بیان میں نورین خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے تعلقات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ کی جانب سے مودی پر تنقید کی وجہ یہ ہے کہ مودی نے امریکا کے بجائے روس کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کیے ہیں۔
اس متنازعہ بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نورین خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے نورین خان کے اس بیان کو ملک و قوم کے ساتھ غداری قرار دیتے ہوئے نورین خان کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔