آزاد کشمیر کے معروف یوٹیوبر عرفان ظفر نے اپنے وی لاگ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی ریاست مخالف سرگرمیوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام اور پاکستان کے عوام یکجان دو قالب ہیں، جبکہ کشمیری عوام کا پاکستان سے رشتہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں توڑ سکتی۔
عرفان ظفر کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان فوج ہماری آزاد کشمیر کی سرحدوں پر موجود نہ ہو تو نہ ہماری عزتیں محفوظ رہیں گیں اور نہ ہی جانیں اور بھارت یہاں بیٹھ کر روزانہ ہماری عزتوں کو پامال کر رہا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج کشمیری عوام سکون کی نیند سو رہے ہیں تو وہ صرف پاکستان فوج کی بدولت پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔
یوٹیوبر کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج اپنے اداروں کی وجہ سے قائم و دائم ہیں۔ انہوں نے تمام کشمیریوں اور اوورسیز کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اس انتشاری ٹولے سے لاتعلقی کا اعلان کریں۔
عرفان ظفر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے لوگ جو عوام کو ریاست کے مخالف کھڑا کریں، غریبوں کے حقوق کے نام پر انہیں ریاست مخالف سرگرمیوں، فوج اور اداروں کے خلاف استعمال کریں، ایسی کسی سرگرمی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے کبھی خود کو صرف کشمیری نہیں سمجھا، انہیں پاکستان سے بہت پیار ملا اور کبھی دو ریاستوں کا تصور نہیں کیا گیا۔ ان کے بقول بحیثیت کشمیری ہم پاکستانی قوم ہیں اور پاکستان ہمارا اپنا ملک ہے۔
عرفان ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی کونے میں جائیں تو کشمیریوں کو وہی محبت اور عزت ملتی ہے جو پاکستان کے ایک عام شہری کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کی جان ہے اور کشمیر ان کا دل ہے۔