پاک فوج کے اعلیٰ افسر کے بارے میں بھارتی و افغانی سوشل میڈیا کا من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب

پاک فوج کے اعلیٰ افسر کے بارے میں بھارتی و افغانی سوشل میڈیا کا من گھڑت پروپیگنڈا  بے نقاب

افغان اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے من گھڑت پروپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستانی فوج کے ایک سینئر افسر جنرل امداد حسین شاہ آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر افغان ایکس (ٹوئٹر) ہینڈل برہان الدین سے منسوب ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جنرل امداد حسین شاہ اپنے گھر جاتے ہوئے ضلع باغ میں فائرنگ کے واقعے کا نشانہ بنے۔ پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پر عائد کی جا رہی ہے، تاہم ساتھ ہی یہ اعتراف بھی کیا گیا کہ اس دعوے کی کسی سرکاری ذریعے سے تصدیق موجود نہیں۔

دوسری جانب ذرائع نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان بھارتی وی لاگرز کے ذریعے پاکستان مخالف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے لگے

سکیورٹی ذرائع کے مطابق جھوٹی اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلا کر عوام میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ایسی خبروں کی کسی بھی سرکاری یا مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حساس نوعیت کے معاملات میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔

Related Articles