اہور کے علاقے کاہنہ میں ایک گھر سے ماں اور تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں پولیس اور فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے موقع کا معائنہ بھی کیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ ریحان، 11 سالہ اریشہ، 9 سالہ ارصل اور ان کی والدہ علینہ ڈوگر شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کی والدہ علینہ ڈوگر کی ہلاکت اسپتال پہنچنے کے بعد ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کو مبینہ طور پر زہریلی چیز دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق بچوں کے والد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے، جبکہ بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں۔