ٹويوٹا پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمپنی نے اپنی مقامی طور پر اسمبل (CKD) کی جانے والی گاڑیوں کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا۔
کمپنی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے صرف سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں۔
ٹويوٹا پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور مختلف غیر سرکاری ذرائع پر گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم کمپنی نے ایسی کسی بھی خبر کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس وقت اس کے سی کے ڈی (CKD) ماڈلز کی ریٹیل قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
کمپنی حکام کے مطابق صارفین اپنی پسند کی گاڑی بلا کسی الجھن کے موجودہ قیمتوں پر بک کروا سکتے ہیں کیونکہ قیمتوں میں اضافے سے متعلق کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔
البتہ کمپنی نے وضاحت کی کہ کرولا کراس ہائبرڈ (Corolla Cross HEV) ماڈلز کی قیمتوں سے متعلق معلومات الگ سے جاری کی گئی تھیں اس لیے ان ماڈلز کو عمومی قیمتوں کے اعلان سے الگ تصور کیا جائے۔
ٹويوٹا پاکستان نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں حکومت کی جانب سے ٹیکسوں، ڈیوٹیز یا لیویز میں کسی قسم کی کمی کی جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں گاڑیوں کی قیمت کم ہوتی ہے تو کمپنی اپنے قواعد و ضوابط اور متعلقہ قانونی تقاضوں کے مطابق زیر التوا (Pending) بکنگ رکھنے والے صارفین کو بھی اس کا مالی فائدہ منتقل کرے گی۔
کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ قیمتوں یا دیگر معلومات کے لیے صرف ٹويوٹا کے مجاز ڈیلرز یا کمپنی کے سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں تاکہ افواہوں اور غلط خبروں سے بچا جا سکے۔
آٹو انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق پاکستان میں ڈالر کی قدر درآمدی ڈیوٹیز ٹیکس پالیسی اور پیداواری لاگت میں تبدیلیوں کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں سے متعلق افواہیں اکثر گردش کرتی رہتی ہیں تاہم کسی بھی قیمت میں ردوبدل کا حتمی اعلان صرف متعلقہ آٹو ساز کمپنی ہی کرتی ہے۔ ایسے میں صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں کے بجائے کمپنی کے باضابطہ اعلانات پر ہی اعتماد کریں