افواجِ پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز اور متنازعہ بیان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف سے متعلق بیان پر عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کی جانب سے نوٹس جاری کر دیا گیا۔
نوٹس میں نورین نیازی سے ان کے متنازع بیان پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے انہیں مقررہ تاریخ پر متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نورین نیازی کے پاک بھارت جنگ سے متعلق بیان پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے متنازعہ بیان پر نورین نیازی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عمران خان کی بہن نورین نیازی کے پاک بھارت جنگ کے حوالے سے متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نورین نیازی کا متنازع بیان اپنے بھائی عمران خان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس فیملی کو پاکستان کی ہر کامیابی سے تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارت کو معرکۂ حق میں عبرتناک شکست دی، جبکہ نورین نیازی کا فاشسٹ مودی کے حق میں بات کرنا شرمناک اور قابل مذمت ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اور ان کی بہنیں دنیا کی عقلِ کُل شخصیات ہیں یا پاگل ترین نمونے ہیں۔