بنوں میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، 8 مشتبہ افراد گرفتار

بنوں میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، 8 مشتبہ افراد گرفتار

بنوں کے علاقے گاؤں گریڈہ شاہ جہاں میں ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک جبکہ 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن ڈی پی او بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال کی سربراہی میں کیا گیا، کارروائی کے دوران پاک فوج نے علاقے کا مؤثر محاصرہ کرتے ہوئے اہم مقامات پر بلاکنگ پوزیشنز قائم کیں، جس کے باعث دہشت گردوں کے فرار کے تمام ممکنہ راستے بند کر دیے گئے۔

آپریشن کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، متعدد میگزین اور ایک بینڈولیئر بھی برآمد کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 5 فتنہ الخوارج دہشت گرد ہلاک

پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے 8مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جنہیں مشترکہ تکنیکی تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق تلاشی کے دوران مطلوب دہشت گرد کمانڈر زرگل عرف “انکل” کے گھر سے دو ہونڈا سی ڈی-125 موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ بھی برآمد کیا گیا۔

بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں آئندہ بھی اسی عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

editor

Related Articles