وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نےنورین نیازی کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور اس کا قانونی جائزہ لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
اپنے بیان میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی حاصل کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ عناصر اس قومی کامیابی کو بھی سیاسی عینک سے دیکھ رہے ہیں اور اسے ہضم نہیں کر پا رہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ نورین نیازی کا بیان نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ اس سے ایسے تاثر کو تقویت ملتی ہے جو قومی مفادات کے خلاف سمجھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایسے بیانات ملک دشمنی کے زمرے میں نہیں آتے تو پھر انہیں کس نظر سے دیکھا جائے، پی ٹی آئی اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار دکھائی دیتی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ نورین نیازی نے کھل کر وہی مؤقف اختیار کیا ہے جس کا الزام ماضی میں بھی پاکستان تحریک انصاف پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کا باعث بن سکتے ہیں، اس لیے ان کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے نورین نیازی کے بیان کا مکمل قانونی جائزہ لیں اور ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے،بلال اظہر کیانی نے کہا کہ قومی سلامتی اور ملکی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ایسے معاملات پر سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔