نورین نیازی کا بیان قابل افسوس، اس خاندان کا ہدف صرف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ، وفاقی وزرا کا ردعمل

نورین نیازی کا بیان قابل افسوس، اس خاندان کا ہدف صرف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ، وفاقی وزرا کا ردعمل

وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی جانب سے ‘معرکہ حق’ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر گہرے افسوس اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی مفادات کے خلاف قرار دیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ ‘معرکہ حق’ پاکستان کی ایک عظیم اور تاریخی کامیابی ہے جس کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بارہا عالمی فورمز پر پاکستان کی اس شاندار فتح کا ذکر کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دے کر یہ مقام حاصل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلی تھیلے سےباہر آگئی ،بھارتی میڈیا نورین نیازی کے بیان کو بڑھا چڑھا کرپیش کرنے لگا

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حساس اور تاریخی معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کا غیر ذمہ دارانہ بیان انتہائی افسوسناک اور ملک کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا اصل ہدف صرف اور صرف پاکستان کو نقصان پہنچانا اور ملکی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان اس سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان کی بین الاقوامی فتوحات اور سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔ طلال چودھری نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت ملک کی سلامتی اور تاریخی کامیابیوں پر کسی کو سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دے گی۔

‘معرکہ حق’ پاکستان کی عسکری اور سفارتی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس کے تحت ملک سے شرپسند عناصر کا خاتمہ کیا گیا اور مغربی سرحدوں کو محفوظ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں:افواج پاکستان کے خلاف زہر اور مودی کی تعریف  عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی ائی اے کا نوٹس جاری

اس آپریشن اور حکمت عملی کی کامیابی کا ڈنکا دنیا بھر میں بجا، یہاں تک کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مختلف بیانات میں پاکستان کی اس اسٹرٹیجک فتح اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس کے کردار کو سراہا۔

تاہم حالیہ دنوں میں سیاسی کشیدگی کے باعث اپوزیشن اور بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کی جانب سے اس قومی کامیابی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جس نے ایک نیا سیاسی تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

وفاقی وزرا کا فوری اور سخت ردعمل یہ ثابت کرتا ہے کہ حکومت ‘معرکہ حق’ کے بیانیے پر کسی قسم کی لچک دکھانے کے لیے تیار نہیں ہے، کیونکہ اس کا براہ راست تعلق پاک امریکہ تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کے امیج سے ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے خاندان کی جانب سے اس طرح کے بیانات موجودہ حکومت کو دفاعی پوزیشن پر لانے کی کوشش ہو سکتے ہیں، لیکن امریکی صدر کے بیانات کا حوالہ دے کر حکومت نے اس تنقید کا رخ موڑ دیا ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ تنازع پارلیمنٹ اور میڈیا میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

Related Articles