وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنے بھائی کی سیاست کے لیے ایسے بیانات دیے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے، جبکہ ان کے بیان پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست کی خاطر ریاست کی بے توقیری کسی صورت قابل قبول نہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو سب کچھ قائم ہے، ملک کے بغیر کسی سیاست، جماعت یا فرد کی کوئی حیثیت نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی منفی ہتھکنڈوں پر مبنی سیاست دفن ہو چکی ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل پر کبھی تنقید نہیں کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بعض عناصر اپنی سیاست کے لیے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، نورین نیازی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایسے بیانات کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ ملک کو نقصان پہنچانے اور بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس نے بھی پاکستان کے ساتھ غداری کی اور اسے بدنام کرنے کی کوشش کی، رسوائی اور ناکامی ہمیشہ اس کا مقدر بنی۔ یہ معاملہ یہاں تھمے گا نہیں، آپ کو جواب دینا ہوگا اور قوم سمیت شہدا کے خاندانوں سے معافی مانگنی ہوگی آج کل یہ نیا ٹرینڈ بن گیا ہے کہ جس کا دل چاہتا ہے، وہ شہداء پر بات کرنا شروع کر دیتا ہے۔
آپ شہداء کے بچوں اور ان کے گھر والوں سے جا کر پوچھیں کہ جب مائیں شہادت کی دعائیں مانگ کر اپنے بچوں کو رخصت کرتی ہیں، تو کیا اس کی کوئی قیمت ہو سکتی ہے؟ کیا کوئی اس کا مول دے سکتا ہے؟ ایسی سوچ سراسر قابلِ مذمت ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ سیاست کے لیے ریاست کی بے توقیری کرنا ناقابلِ معافی ہےنورین نیازی کی بھی یہی کوشش تھی کہ انڈین میڈیا اس بات کو اٹھائے تاکہ وہ اپنے ہی ملک کے خلاف بات کر سکیں۔ اس پر کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ ہو رہا ہے،پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور ملکی عزت و وقار میں اضافے کا یہ سفر مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور جماعت کی خواتین رہنماؤں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے ، مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن ملکی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کارکنوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔
کشمیر کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان جبکہ دنیا بھر میں موجود کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں اور ان کی حب الوطنی پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جا سکتا، کشمیر کاز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
عطااللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سیاست کو بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے نتائج خطے کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔