فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں آج رات دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور 2010 کے عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان ٹائٹل کا فیصلہ کن مقابلہ ہوگا، اس بڑے معرکے سے قبل مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سپر کمپیوٹر نے بھی اپنی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
نیویارک میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے ہوگا،یہ اسپین کی تاریخ کا دوسرا ورلڈ کپ فائنل ہے جبکہ ارجنٹینا ساتویں مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
کھیلوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والے ادارے اوپٹا کے اے آئی سپر کمپیوٹر نے فائنل کے لیے اسپین کو فیورٹ قرار دیا ہے،رپورٹ کے مطابق سپر کمپیوٹر نے 25 ہزار ڈیجیٹل سیمولیشنز کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ اسپین کے عالمی چیمپئن بننے کے امکانات 59.6 فیصد ہیں، جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے ٹرافی جیتنے کے امکانات 40.4 فیصد ظاہر کیے گئے ہیں۔
اے آئی ماڈل کے مطابق اسپین کے مقررہ 90 منٹ میں کامیابی حاصل کرنے کا امکان 45 فیصد ہے، جبکہ میچ کے اضافی وقت میں جانے کے امکانات 29 فیصد بتائے گئے ہیں،دوسری جانب ارجنٹینا کے مقررہ وقت میں میچ جیتنے کے امکانات 26 فیصد ظاہر کیے گئے ہیں۔
اگرچہ مصنوعی ذہانت کے ماڈل نے اسپین کو معمولی برتری دی ہے، تاہم فٹبال کے شائقین کی نظریں اب اس سنسنی خیز مقابلے پر مرکوز ہیں کہ میدان میں کون سی ٹیم بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی اپنے نام کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اوپٹا سپر کمپیوٹر کوئی روایتی فزیکل کمپیوٹر نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک تجزیاتی ماڈل ہے، جو کھیلوں کے مقابلوں کے اعداد و شمار، ٹیموں کی کارکردگی اور دیگر عوامل کا جائزہ لے کر ممکنہ نتائج کی پیشگوئی کرتا ہے۔