چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے مانسہرہ میں موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کر دیا، موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے دور دراز علاقوں میں موجود مستحق افراد کو رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی خدمات ہر اہل اور مستحق خاندان تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل رجسٹریشن وین کا مقصد ان افراد تک رسائی حاصل کرنا ہے جو دور دراز علاقوں میں رہنے کی وجہ سے رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مانسہرہ بی آئی ایس پی دفتر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام اور بینظیر موبائل سم کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے بینظیر موبائل سم کی تقسیم اور والٹ ایکٹیویشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا، چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق ڈیجیٹل والٹ نظام کے ذریعے مالی معاونت براہِ راست مستحق خواتین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور خواتین کو رقم کے حصول میں آسانی ہوگی۔
روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت مجاز ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مفت بینظیر موبائل سم صرف بی آئی ایس پی دفاتر سے حاصل کی جائے، خواتین اپنا اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون لازمی ساتھ لائیں۔
انہوں نے خواتین کو خبردار کیا کہ رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی ایجنٹ یا ریٹیلر کے حوالے نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی کٹوتی، بے ضابطگی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر بی آئی ایس پی دفتر یا شکایات کے نظام سے رابطہ کیا جائے تاکہ مسائل کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔