کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گی

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گی

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند آج اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی، جہاں وہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔ اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور باہمی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔ وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے جسے دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :کینیڈا نے ہنرمند افراد کےلیے بڑی خوشخبری سنا دی

ترجمان کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار اور انیتا آنند کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا بنیادی محور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانا، تعلیمی روابط کو وسعت دینا اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ انیتا آنند اپنے دورۂ پاکستان کے دوران ملکی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی جن میں دوطرفہ تعاون کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کینیڈا کے درمیان خوشگوار سفارتی تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد باہمی احترام، تعاون اور مضبوط عوامی روابط پر استوار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم بڑی اور متحرک پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان، روزگار کے ساتھ مستقل رہائش،درخواستیں طلب

حکام کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles