فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم اصل ٹرافی اپنے ساتھ کیوں نہیں لے جا سکتی؟ دلچسپ حقیقت سامنے آگئی

فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم اصل ٹرافی اپنے ساتھ کیوں نہیں لے جا سکتی؟ دلچسپ حقیقت سامنے آگئی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد سب سے یادگار لمحہ فاتح کپتان کے ہاتھوں میں عالمی ٹرافی اٹھانے کا ہوگا لیکن بہت کم شائقین جانتے ہیں کہ چیمپئن ٹیم اس اصل ٹرافی کو ہمیشہ کے لیے اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتی۔

رواں برس ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشترکہ طور پر فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی پیش کریں گے۔ یہ ایک غیر معمولی موقع ہوگا، کیونکہ گزشتہ دو عالمی کپ فائنلز میں صرف فیفا صدر نے ٹرافی پیش کی تھی، جبکہ آخری مرتبہ 1982 کے ورلڈ کپ میں اسپین کے بادشاہ خوان کارلوس نے فاتح اٹلی کو ٹرافی دی تھی۔

ورلڈ کپ ٹرافی کس دھات سے تیار کی جاتی ہے؟

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی مکمل طور پر خالص سونے کی نہیں بلکہ 18 قیراط سونے سے تیار کی جاتی ہے۔اس کی اونچائی 36.5 سینٹی میٹر جبکہ وزن 6.175 کلوگرام ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ مکمل طور پر ٹھوس سونے سے تیار کی جاتی تو اس کا وزن تقریباً 70 سے 80 کلوگرام تک پہنچ جاتا، جسے اٹھانا انتہائی مشکل ہوتا۔

ٹرافی کے نچلے حصے میں سبز رنگ کے میلاکائٹ پتھر کا استعمال کیا گیا ہے جو اس کے سنہری ڈیزائن کو مزید خوبصورت بناتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ارجنٹینا کو شکست ، اسپین 16 سال بعد دسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چمپئن بن گیا 

یہ منفرد ٹرافی اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے تخلیق کی تھی، جن کا ڈیزائن دنیا بھر سے موصول ہونے والے 53 ڈیزائنز میں سے منتخب کیا گیا تھا۔

فاتح ٹیم اصل ٹرافی کیوں نہیں رکھ سکتی؟

اگرچہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا کپتان تقریبِ انعامات کے دوران اصل ٹرافی بلند کرتا ہے لیکن تقریب ختم ہوتے ہی اسے سخت حفاظتی انتظامات کے تحت فیفا ورلڈ فٹبال میوزیم، زیورخ (سوئٹزرلینڈ) واپس منتقل کر دیا جاتا ہے۔

فیفا قوانین کے مطابق اصل ورلڈ کپ ٹرافی ہمیشہ فیفا کی ملکیت رہتی ہے اور مستقل طور پر اسی کی تحویل میں محفوظ رکھی جاتی ہے۔ اس ٹرافی کو صرف سابق عالمی چیمپئنز اور سربراہانِ مملکت ہی ہاتھ لگا سکتے ہیں۔

اس کے بدلے فیفا فاتح ٹیم کو سونے کی تہہ چڑھی کانسی سے تیار کردہ ایک خصوصی نقل مستقل طور پر تحفے میں دیتا ہے جو متعلقہ ملک کی ملکیت بن جاتی ہے۔

دنیا کی مہنگی ترین کھیلوں کی ٹرافیوں میں شامل

ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی میں استعمال ہونے والے سونے کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار سے 4 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کی بے بسی، اسپین نے تاریخ رقم کر دی،مقررہ وقت ختم ، ایکسٹر ٹائم دیدیا گیا

تاہم اس کی تاریخی اہمیت، عالمی شناخت اور منفرد حیثیت کے باعث اس کی مجموعی تخمینی مالیت 2 کروڑ امریکی ڈالر (20 ملین ڈالر) کے قریب سمجھی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ دنیا کی سب سے قیمتی اور باوقار کھیلوں کی ٹرافیوں میں شمار ہوتی ہے۔

editor

Related Articles