وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر طلبہ و طالبات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم 2026 کو مزید آسان اور جامع بنا دیا گیا ہے۔ حکومت نے اسکیم کا دائرہ کار سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں تک بھی بڑھا دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
حکومتی منصوبے کے تحت ایک لاکھ طلبہ و طالبات میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں گی جن کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اداروں تک سستا، محفوظ اور ماحول دوست سفری ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کے مطابق طالبات کو الیکٹرک بائیکس مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ طلبہ کو بائیکس آسان، سود سے پاک اقساط پر دی جائیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اسکیم کو عوام دوست بنانے کے لیے نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کو بھی اہل قرار دیا گیا ہے بشرطیکہ ان کا ادارہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے منظور شدہ ہو۔ اس اقدام سے ہزاروں ایسے طلبہ بھی مستفید ہو سکیں گے جو پہلے خود کو اس سہولت سے محروم سمجھ رہے تھے۔
اسکیم کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اس کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا ضروری ہے جبکہ درخواست گزار کسی رجسٹرڈ موٹر گاڑی کا مالک نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت نے یہ شرط بھی برقرار رکھی ہے کہ ایک خاندان سے صرف ایک فرد ہی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک یہ سہولت پہنچ سکے۔
حکام کے مطابق درخواستیں صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ امیدوار اپنی بنیادی معلومات درج کرکے مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے جس کے بعد جانچ پڑتال مکمل ہونے پر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
درخواست کے لیے قومی شناختی کارڈ یا ب فارم تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ پنجاب ڈومیسائل ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ پاسپورٹ سائز تصاویر اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بائیک اسکیم کا مقصد صرف سفری سہولت فراہم کرنا نہیں بلکہ طلبہ کے تعلیمی اخراجات میں کمی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور نوجوانوں کی آسان نقل و حرکت کو یقینی بنانا بھی ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کو شامل کرنے سے اس منصوبے کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات اس عوامی فلاحی اقدام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔