پاکستانی اداکار احد رضا میر نے محبت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے نزدیک انسان کو حقیقی محبت صرف ایک بار ہوتی ہے۔
اداکار نے اپنے نئے ڈرامہ سیریل ’’ایک محبت اور‘‘ کی تشہیری مہم کے دوران ساتھی اداکارہ مایا علی کے ہمراہ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار محبت میں پڑنے کے تصور پر یقین نہیں رکھتے۔
احد رضا میر کے مطابق ان کے خیال میں انسان کی زندگی میں سچی محبت صرف ایک مرتبہ آتی ہے، اسی لیے وہ دوسری یا بار بار ہونے والی محبت کے تصور سے اتفاق نہیں کرتے۔
گفتگو کے دوران مایا علی نے ان کی رائے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں پہلی محبت ہی انسان کے لیے درست ثابت ہو۔ ان کے مطابق انسان غلط فیصلے بھی کر سکتا ہے اور بعد میں اسے حقیقی محبت دوبارہ بھی مل سکتی ہے۔
احد رضا میر اور مایا علی کی اس گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین دونوں فنکاروں کے مختلف خیالات پر اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔