برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مقیم پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے سوشل میڈیا کارکن انعام اللہ کے ریاست مخالف بیان کے بعد ان کے بھائی اکرام اللہ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خود اور اپنے خاندان کی جانب سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
اکرام اللہ جو چکسواری میرپور کے رہائشی ہیں نے کہا کہ انعام اللہ کی جانب سے دیے گئے حالیہ بیان سے نہ وہ متفق ہیں اور نہ ہی ان کی والدہ اس کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انعام اللہ کے خیالات ان کی ذاتی رائے ہیں اور انہیں خاندان کے مؤقف کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات انعام اللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر راولاکوٹ میں دھرنے کے شرکاء کے خلاف کارروائی کی گئی تو آزاد کشمیر کی کوئی عدالت، تھانہ یا گھر محفوظ نہیں رہے گا۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اکرام اللہ نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم کسی بھی مقصد کے لیے تشدد، دھمکیوں، یا انتشار کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اختلافات کے حل کے لیے پرامن اور قانونی راستہ اختیار کیا جائے اور ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جو معاشرے میں خوف، بے چینی یا بدامنی کو فروغ دیں۔ اکرام اللہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ امن، قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔