آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں۔
انہوں نے اپنے کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے خوف و ہراس پھیلانے اور دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد انتخابی عمل کو متاثر کرنا ہے انہوں نے کہا کہ نہ صرف عوام کو ڈرایا جا رہا ہے بلکہ انہیں بھی مختلف نمبروں سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ایسی تمام کوششیں جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں، تاہم حکومت پرامن، شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے حقِ رائے دہی کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور ریاستی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
آزاد کشمیر جیسے حساس خطے میں انتخابی ماحول کے دوران کشیدگی اور دباؤ کے واقعات جمہوری عمل کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم حکومت کی جانب سے انتخابات کے بروقت انعقاد کے عزم کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔