کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دفاعی تعاون، سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل کوششوں، قربانیوں اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو اہم قرار دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
مبصرین کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور کینیڈا باہمی تعلقات، علاقائی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔