بھارت میں نوجوانوں کی سیاسی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کے مطالبے پر نکالے گئے احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جبکہ بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کیے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر تعلیمی اصلاحات اور وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے حق میں دھرنا دیا۔ بعد ازاں مظاہرین نے بھارتی پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، تاہم دہلی پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔
اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران شہر کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی، تاہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب کاکروچ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کیے۔ پارٹی کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وزیر صحت نے مطالبات کو اعلیٰ سطح پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ادھر اپوزیشن جماعت کانگریس سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرین پر پولیس لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے نوجوانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
کانگریس کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوانوں پر لاٹھی چارج جمہوری اقدار کے منافی ہے اور اسے “جمہوریت پر حملہ” قرار دیتے ہوئے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی تعلیمی اصلاحات اور نوجوانوں سے متعلق پالیسیوں پر حکومت سے مختلف مطالبات کر رہی ہے، جبکہ حالیہ احتجاج کے بعد بھارت میں تعلیمی پالیسی اور طلبہ کے مسائل ایک بار پھر سیاسی بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔