مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ

مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ

ملک کے مختلف علاقوں میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور آبی ذخائر میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

دریائے سندھ میں مختلف مقامات پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، کالاباغ کے مقام پر دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں جناح بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 72 ہزار 720 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 64 ہزار 720 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح تربیلا، اٹک اور خیرآباد کے مقامات پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد کیوسک ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ملک بھر میں مون سون بارشیں، وزیراعظم شہباز شریف کا این ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کا حکم

تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 11 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 64 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 22 ہزار سے زائد کیوسک ہے۔

دوسری جانب دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور فی الحال وہاں کوئی غیر معمولی صورتحال رپورٹ نہیں ہوئی۔

دریائے چناب میں بھی نچلے درجے کا سیلاب

دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، ہیڈمرالہ پر پانی کی آمد 1 لاکھ 31 ہزار 123 کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 8 ہزار 850 کیوسک ہے،خانکی بیراج پر پانی کی آمد 61 ہزار 409 کیوسک جبکہ اخراج 53 ہزار 900 سے زائد کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح ہیڈ قادرآباد کے مقام پر پانی کی آمد 85 ہزار 901 کیوسک جبکہ اخراج 66 ہزار 385 کیوسک ہے۔ تریموں بیراج پر پانی کی آمد 16 ہزار 371 کیوسک جبکہ اخراج 2 ہزار 371 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کے مزید سلسلے کی پیش گوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔

editor

Related Articles