برطانیہ : نئے وزیراعظم نے عہدہ سنبھالتے ہی بجلی کے بلوں پر ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا

برطانیہ : نئے وزیراعظم  نے عہدہ سنبھالتے ہی بجلی کے بلوں پر ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا

برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بڑے عوامی ریلیف پیکیج کے تحت گھریلو بجلی کے بلوں پر عائد ویلیو ایڈڈ ٹیکس  ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یکم اکتوبر 2026 سے گھریلو بجلی کے بلوں پر عائد 5 فیصد VAT ختم کرکے اسے صفر فیصد کردیا جائے گا۔ اس اقدام کا اطلاق آئندہ آف جیم (Ofgem) پرائس کیپ کے نفاذ سے قبل ہوگا تاکہ صارفین کو فوری ریلیف مل سکے۔

حکومت کے مطابق اس فیصلے سے اوسط صارف کے سالانہ بجلی کے بل میں تقریباً 45 پاؤنڈ تک کمی متوقع ہے، جو گزشتہ بجٹ میں فراہم کیے گئے 150 پاؤنڈ کے ریلیف کے علاوہ ہوگی۔

وزیراعظم اینڈی برنہم نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور زندگی گزارنے کے اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، تاہم نئی حکومت کا مقصد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے ، بجلی کے بلوں پر ٹیکس ختم کرکے نہ صرف لوگوں کی جیب پر بوجھ کم ہوگا۔

  یہ بھی پڑھیں :اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن گئے، بادشاہ چارلس نے حکومت بنانے کی دعوت دے دی

اس حوالے سے برطانیہ کے وزیر خزانہ جان ہیلی نے کہا کہ حکومت اس مالی سال کے دوران اس اقدام کے اخراجات ڈیجیٹل آئی ڈی پروگرام منسوخ کرکے پورے کرے گی، جس پر آئندہ تین برسوں میں تقریباً ایک ارب 80 کروڑ پاؤنڈ خرچ ہونا تھا ،  اس اقدام پر رواں مالی سال کے دوران تقریباً 85 کروڑ پاؤنڈ لاگت آئے گی، جبکہ آئندہ برسوں کے لیے مزید مالی اقدامات کا اعلان بجٹ میں کیا جائے گا اور تمام فیصلے حکومتی مالیاتی اصولوں کے مطابق ہوں گے۔

حکام کے مطابق گھریلو نرخوں پر بجلی استعمال کرنے والے بعض چھوٹے کاروبار، خیراتی ادارے اور رہائشی نگہداشت کے مراکز بھی اس ریلیف سے مستفید ہوں گے۔

برطانوی حکومت نے مزید کہا کہ روس یوکرین جنگ اور ایران میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو اخراجات بڑھا دیے ہیں، اسی لیے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

editor

Related Articles