وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے امریکی ہم منصب سکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا معاشی تعلقات، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی وزیر خزانہ کو پاکستان کی معیشت میں میکرواکنامک استحکام، پائیدار اقتصادی ترقی اور برآمدات پر مبنی گروتھ کے حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔
انہوں نے خطے کی صورتحال کے پاکستانی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو بھی اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے تناظر میں مارکیٹ تک رسائی کے لیے امریکی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ تذویراتی منصوبوں پر پیش رفت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔