عمران خان کی رہائی کیلئے نئی تاریخ شروع کرنے کا اعلان، نئی تاریخ سامنے آ گئی

عمران خان کی رہائی کیلئے نئی تاریخ شروع کرنے کا اعلان، نئی تاریخ سامنے آ گئی

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے اعلان کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہونے پر 5 اگست سے ان کی رہائی کے لیے ملک گیر نئی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے حکومت مخالف تمام اپوزیشن جماعتوں اور ہم خیال سیاسی قوتوں سے رابطے کیے جائیں گے۔

شفیع جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے 5 اگست سے باقاعدہ عوامی رابطہ مہم اور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار تحریک کو زیادہ منظم، وسیع اور مؤثر انداز میں چلایا جائے گا تاکہ عوام کی آواز کو ہر سطح پر پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک کی کامیابی کے لیے مختلف اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت اور رابطوں کا عمل شروع کیا جا رہا ہے تاکہ حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔ ان کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم سمیت چار وفاقی وزرا کے خلاف کارروائی کی درخواست مسترد،26 نومبر کیس میں عدالت کا بڑا فیصلہ

اڈیالہ جیل کے باہر گزشتہ دو ہفتوں سے پی ٹی آئی کارکنوں کی عدم موجودگی کے حوالے سے شفیع جان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ علیمہ خانم نے دو ہفتے قبل واضح طور پر کہا تھا کہ اب اڈیالہ جیل کے باہر صرف بانی پی ٹی آئی کی بہنیں جائیں گی جس کے بعد کارکنوں نے وہاں جمع ہونا بند کر دیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارٹی کارکن قیادت کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں اور آئندہ بھی تمام سیاسی سرگرمیاں منظم حکمت عملی کے تحت جاری رکھی جائیں گی۔

نورین نیازی کے حالیہ بیان کے بارے میں سوال پر شفیع جان نے کہا کہ وہ ان کا ذاتی مؤقف تھا اور اسے پارٹی کی پالیسی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق نورین نیازی خود بھی اڈیالہ جیل کے باہر اس حوالے سے وضاحت کر چکی ہیں۔

editor

Related Articles