عالمی مارکیٹ میں ہلچل ، سونے کی قیمت میں کمی

عالمی مارکیٹ میں ہلچل ، سونے کی قیمت میں کمی

عالمی مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت  میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔

عالمی منڈی میں آج  جمعرات کو سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجوہات تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور امریکی فیڈرل ریزرو کے آئندہ اجلاس سے قبل سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ قرار دی جا رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.6 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد سونا 4 ہزار 103 ڈالر 39 سینٹ فی اونس کی سطح پر آ گیا۔

اس سے ایک روز قبل بدھ کو سونے کی قیمت 7 جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جب یہ 4 ہزار 165 ڈالر 87 سینٹ فی اونس تک ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح امریکی گولڈ فیوچر کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، جو 1.1 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 106 ڈالر 40 سینٹ فی اونس پر آ گئی۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے نے سونے پر دباؤ بڑھا دیا

ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے مہنگائی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوئے ،  ان خدشات کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ تبدیلیوں پر زیادہ توجہ مرکوز کر دی، جس کا اثر سونے کی قیمتوں پر پڑا۔

انڈس انڈ بینک سیکیورٹیز کے سینئر ریسرچ اینالسٹ جیگر ترویدی کا کہنا ہے کہ تیل کی بلند قیمتیں مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ کر رہی ہیں، جبکہ شرح سود میں اضافے کے امکانات سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کی رفتار کو محدود کر رہے ہیں۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تقریباً چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ، اس اضافے کی وجوہات میں امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف نئے حملے اور بحیرہ احمر میں حوثیوں کی جانب سے آئل ٹینکرز کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق عالمی حالات، مہنگائی کے خدشات اور امریکی مالیاتی پالیسی سے متعلق توقعات آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں کے رجحان پر اثر انداز ہوتی رہیں گی۔

editor

Related Articles