پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، دفعہ144 کے نفاذ میں توسیع ، شہریوں کیلئے خصوصی ہدایات

پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، دفعہ144 کے نفاذ میں توسیع ، شہریوں کیلئے خصوصی ہدایات

پنجاب حکومت نے امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 30 روز کی توسیع کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطۂ فوجداری کے سیکشن 144 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے آؤٹ ڈور ڈرونز کے استعمال پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کی ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام عوامی تحفظ، حساس تنصیبات کی سکیورٹی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

دفعہ 144 ایک قانونی شق ہے جس کے تحت ضلعی انتظامیہ یا حکومت کسی بھی علاقے میں امن و امان کو لاحق خطرات کے پیش نظر مخصوص سرگرمیوں پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بڑا اضافہ، نئے پے سکیل نافذ ،نوٹفکیشن جاری

اس دفعہ کے نفاذ کے دوران حکومت عوامی اجتماعات احتجاج اسلحہ کی نمائش مخصوص سرگرمیوں یا ڈرون جیسے آلات کے استعمال پر پابندی لگا سکتی ہے۔ اس کا مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے بدامنی یا سکیورٹی خطرات کو روکنا ہوتا ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ پابندی کے دوران کھلی جگہوں پارکوں سڑکوں آبادیوں حساس تنصیبات اور عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کا ڈرون اڑانا ممنوع ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطۂ فوجداری پنجاب ڈرون پالیسی اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے،

ڈرون ضبط کیا جا سکتا ہے اور گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہالز مارکیز اور دیگر بند مقامات پر ہونے والی تقریبات کے دوران محدود پیمانے پر ڈرون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:جن کے نام پر گھر نہیں، ان کیلئے حکومت کا بڑا اعلان، آسان قرض کی منظوری

محکمہ داخلہ پنجاب نے زرعی آبپاشی، تحقیق، سروے اور دیگر ضروری مقاصد کے لیے سیف ڈرون یوزیج کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو ضلعی سطح پر درخواستوں کا جائزہ لے کر تحریری اجازت جاری کرے گی۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد ہی متعلقہ افراد یا ادارے ڈرون استعمال کر سکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلی جنس ادارے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے تاکہ وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

محکمہ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles