خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا ، دنیا بھر میں پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا خدشہ

خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا ، دنیا بھر میں پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا خدشہ

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل کی حد عبور کر گئی جس کے بعد دنیا بھر میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

عالمی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت جمعرات کو چھ فیصد سے زائد اضافے کے بعد مئی کے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، فوجی کارروائیوں اور خطے میں توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات نے عالمی منڈی میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :عالمی تیل منڈی میں ہلچل ،قیمتیں کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

حالیہ دنوں میں یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے بحیرہ احمر میں آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے بھی عالمی سپلائی چین کے بارے میں خدشات میں اضافہ کیا ہے کیونکہ اس سے سعودی عرب کے لیے آبنائے ہرمز کے متبادل برآمدی راستوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ کے اختتام پر تقریباً 98 پنس فی تھرم رہنے والی قیمت بڑھ کر 150 پنس فی تھرم کے قریب پہنچ چکی ہے، جس سے گھریلو اور صنعتی توانائی کے اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :خام تیل کی قیمتوں میں دھماکا خیز اضافے نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹو ں کو ہلا کر رکھ دیا

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ خام تیل مہنگا ہونے کا براہِ راست اثر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر پڑتا ہے، جبکہ نقل و حمل کے بڑھتے ہوئے اخراجات خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کو بھی مہنگا کر دیتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں صرف ڈھائی ہفتوں کے دوران پیٹرول کی اوسط قیمت 5 پنس فی لیٹر بڑھ کر تقریباً 1.56 پاؤنڈ جبکہ ڈیزل 1.72 پاؤنڈ فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح امریکا میں بھی پیٹرول کی اوسط قیمت دوبارہ 4 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی ہے۔

editor

Related Articles