بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکارعمران خان تقریباً ایک دہائی بعد شوبز انڈسٹری میں واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، والدین کے اثرات اور شخصیت کی تعمیر سے متعلق مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو میزبان نے عمران خان سے سوال کیا کہ اگر مستقبل میں ان کی بیٹی کسی ایسے شخص کو پسند کرے جو شخصیت اور رویوں میں ان جیسا ہو تو ان کا ردعمل کیا ہوگا؟
اس سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ انہیں اس بات پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا بلکہ وہ اسے خوشی کی بات سمجھیں گے۔ ان کے بقول یہی سوچ انہیں اپنی شخصیت کا بہتر اور ذمہ دار ورژن بننے کی ترغیب دیتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انسان کی شخصیت، رویے اور زندگی کے بہت سے فیصلے بچپن کے تجربات اور والدین سے ملنے والی تربیت سے گہرے طور پر متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وقت کے ساتھ وہ ان معاملات کے حوالے سے پہلے سے زیادہ محتاط اور باشعور ہوگئے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اکثر ہماری زندگی کے اہم فیصلوں کے پیچھے والدین کے رویے اور بچپن کے تجربات کارفرما ہوتے ہیں، جو دراصل ہمارے اندر موجود ’’انر چائلڈ‘‘ سے جڑے ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں عمران خان نے اپنی سابق اہلیہ اونتیکا ملک سے علیحدگی کی وجوہات پر بھی گفتگو کی تھی، جس کے بعد وہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔
اداکار کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے، جبکہ کئی افراد نے ان کے خیالات کو پختہ اور ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔