عامر خان کی فلم نے بھکاری کو دکاندار بنا دیا

عامر خان کی فلم نے بھکاری کو دکاندار بنا دیا

بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم ’’پی کے‘‘میں محض چند سیکنڈ کے کردار نے ایک حقیقی بھکاری کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ فلم میں نابینا بھکاری کا کردار ادا کرنے والے منوج رائے آج بھیک مانگنے کے بجائے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں اور بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔

2014 میں ریلیز ہونے والی معروف ہدایت کار راجکمار ہیرانی کی فلم ’’پی کے‘‘ میں ایک مختصر منظر کے لیے آٹھ حقیقی بھکاریوں میں سے منوج رائے کا انتخاب کیا گیا تھا۔ فلم کے اس منظر میں منوج ایک پل کے کنارے نابینا بھکاری کے روپ میں کھڑا ہوتا ہے، جبکہ فلم کے مرکزی کردار ’’پی کے‘‘ کا کردار ادا کرنے والے عامر خان اس کے کشکول سے رقم نکالتے نظر آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :عامر خان شاہ رخ کے پڑوسی بن گئے، 4 لگژری فلیٹس کا ماہانہ کرایہ کتنا ہے؟

اگرچہ یہ کردار صرف چند سیکنڈ پر مشتمل تھا، لیکن فلم کی کامیابی کے بعد منوج رائے کی زندگی یکسر بدل گئی۔ اداکاری کے عوض انہیں 16 ہزار بھارتی روپے معاوضہ ملا، جس کے بعد وہ اپنے آبائی گاؤں، ریاست آسام کے ضلع سونیت پور واپس چلے گئے۔

گاؤں پہنچنے پر منوج کا شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے بھیک مانگنے کا پیشہ ترک کر دیا اور اس رقم سے ایک چھوٹی کریانہ دکان قائم کی، جو آج بھی ان کی آمدنی کا ذریعہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :تامل اداکار جے نے اسلام قبول کرنے کی وجہ بتا دی

منوج رائے کا تعلق ایک انتہائی غریب خاندان سے تھا۔ ان کی والدہ بچپن میں انتقال کر گئی تھیں جبکہ والد بیماری کے باعث کام کرنے سے قاصر تھے۔ مالی مشکلات کے سبب انہیں پانچویں جماعت کے بعد تعلیم چھوڑنا پڑی۔ روزگار کی تلاش میں وہ دہلی پہنچے اور وہاں نابینا ہونے کا تاثر دے کر بھیک مانگنا شروع کر دی۔

منوج کے مطابق ایک دن فلم سازوں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اداکاری کر سکتے ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ دو وقت کی روٹی کے لیے وہ روزانہ اداکاری ہی تو کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کاکروچ جنتا پارٹی کی حمایت میں پرکاش راج بھی سامنے آگئے

اسی جواب نے ان کی قسمت بدل دی۔ اگلے روز آڈیشن کے لیے بلایا گیا جہاں متعدد امیدواروں میں سے ان کا انتخاب کر لیا گیا۔ منوج کا کہنا ہے کہ جب انہیں دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تو وہ حیران رہ گئے کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے ایسی زندگی صرف خوابوں میں دیکھی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ غربت کے دنوں میں پانی کی کمی کے باعث کئی کئی دن نہانے کا موقع نہیں ملتا تھا، لیکن ہوٹل میں قیام کے دوران انہوں نے سوئمنگ پول سے بھرپور لطف اٹھایا۔ منوج نے عامر خان اور انوشکا شرما کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو بھی اپنی زندگی کا یادگار تجربہ قرار دیا۔

منوج رائے کا کہنا ہے کہ آج لوگ انہیں ’’پی کے ہنی سنگھ‘‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی سرگرم ہیں اور مستقبل میں آسامی اور بنگالی فلموں میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

editor

Related Articles