پنجاب حکومت نے گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کے لیے بڑی تعلیمی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے 500 طلباء کو 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسکالرشپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اسکالرشپس کا تحفہ لے کر اسکردو پہنچ گئے ہیں، وہ کل ایک خصوصی تقریب کے دوران گلگت بلتستان کے 7 تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 500 طلباء میں اسکالرشپس تقسیم کریں گے۔
تعلیمی مواقع میں تفریق نہیں
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے شعبے میں کسی بھی قسم کی تفریق پر یقین نہیں رکھتی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ ملک کے تمام صوبوں کے نوجوانوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی ہونہار اسکالرشپ اسکیم میں دیگر صوبوں کے طلباء کے لیے بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس سے سندھ اور خیبر پختونخوا کے طلباء بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
آزاد کشمیر کے طلباء بھی شامل
رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ آئندہ چند روز میں وہ آزاد کشمیر کے طلباء کے لیے بھی اسکالرشپس کا تحفہ لے کر جائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے نوجوانوں سے جو وعدے کیے ہیں، انہیں بھی پورا کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق اسکالرشپ پروگرام کا بنیادی مقصد مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جانے والے باصلاحیت طلباء کو مواقع فراہم کرنا اور ملک کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے یکساں سہولیات دینا ہے۔