یومِ آزادی کے موقع پر سرکاری تعطیل اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث پاکستان بھر میں بینک مسلسل 3 روز بند رہیں گے،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعہ 14 اگست 2026 کو یومِ آزادی کے موقع پر بینک بند رہیں گے، حکومت پاکستان نے یومِ آزادی کے موقع پر 14 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔
14 اگست کی سرکاری تعطیل کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی، جس کے باعث بینکوں کی فزیکل برانچز جمعہ سے اتوار تک مسلسل 3 دن بند رہیں گی۔
بینک کب کھلیں گے؟
بینکوں میں معمول کی سرگرمیاں پیر 17 اگست 2026 سے دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے، ایسے صارفین جنہیں بینک برانچ جاکر کوئی کام مکمل کرنا ہے یا کسی ایسی سروس کی ضرورت ہے جس کے لیے ذاتی طور پر موجود ہونا ضروری ہے، انہیں جمعہ سے قبل اپنا کام مکمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ڈیجیٹل بینکنگ جاری رہنے کا امکان
تین روزہ تعطیلات کا اطلاق بنیادی طور پر بینکوں کی فزیکل برانچز پر ہوگا، آن لائن بینکنگ، موبائل ایپس، اے ٹی ایم اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات مختلف بینکوں کی پالیسی کے مطابق دستیاب ہیں۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران ضروری مالی لین دین کے لیے اپنے متعلقہ بینک کی ڈیجیٹل سروسز اور اوقات کار سے متعلق معلومات پہلے سے چیک کرلیں۔