پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا بھی پرافٹ مارجن بڑھانے کا مطالبہ

پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا بھی پرافٹ مارجن بڑھانے کا مطالبہ

پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی حکومت سے فی لیٹر پرافٹ مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا ہے۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو خط لکھ کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فی لیٹر پرافٹ مارجن میں فوری اور مناسب اضافے پر زور دیا ہے۔

او سی اے سی کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں گزشتہ تین سال سے پرافٹ مارجن میں اضافے کا مطالبہ کررہی ہیں، تاہم اس معاملے میں تاحال مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔

کونسل کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں بڑھتے ہوئے مالی اور ریگولیٹری بوجھ کا سامنا کررہی ہیں، جبکہ کاروباری اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث موجودہ مارجن پر آپریشنز جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

او سی اے سی کے سیکریٹری جنرل ناظر عباس زیدی کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا موجودہ فی لیٹر پرافٹ مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے، جس میں مزید 2 روپے 23 پیسے اضافے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان، پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا

انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 1 روپے 22 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم کمپنیوں کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

ناظر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ او سی اے سی سے وابستہ ملٹی نیشنل آئل انویسٹرز بھی مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ بڑھتے ہوئے اخراجات، مالی دباؤ اور ریگولیٹری تقاضوں کے باعث کمپنیوں کے لیے موجودہ پرافٹ مارجن پر کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

او سی اے سی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن میں فوری اور مناسب اضافہ کیا جائے تاکہ کمپنیوں کی مالی مشکلات کم ہوں اور ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کا نظام مستحکم رکھا جاسکے۔

Related Articles