آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث 284 غیر ملکی شہریوں کو پاکستان سے ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نے گرفتار کیے گئے تمام 284 غیر ملکیوں کے ویزے منسوخ کردیے ہیں، جبکہ انہیں پاکستان چھوڑنے کے لیے 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ غیر ملکیوں کو اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار افراد میں اکثریت ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہریوں کی ہے، جن میں سے بیشتر سیاحتی یا وزٹ ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔
حکام کے مطابق تمام 284 غیر ملکیوں کو 15 روز کے اندر پاکستان سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ ملک بدری کے بعد ان افراد کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے غیر ملکی شہریوں کو مستقبل میں دوبارہ پاکستانی ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
حکام کی جانب سے آن لائن فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی کو ملک میں سائبر کرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اہم اقدام قرار دیا جارہا ہے۔