حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے، پیٹرولیم ڈویژن نے 12 اگست کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پیٹرول سستا
نوٹیفکیشن کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 325 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ڈیزل مہنگا
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ردوبدل صرف ایک دن کے لیے کیا گیا ہے ۔
ڈیلرز کا حکومت کو الٹی میٹم
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے،چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کاروبار پر اثر انداز ہورہا ہے، جس کے باعث موجودہ صورتحال میں ڈیلرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے،چیئرمین ایسوسی ایشن کے مطابق اگر حکومت نے 72 گھنٹے کے اندر مطالبات پر توجہ نہ دی تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
پمپس بند ہونے کا خدشہ
ایسوسی ایشن کے الٹی میٹم کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ تاہم پیٹرول پمپس کی ممکنہ بندش سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت اور ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کے نتیجے پر منحصر ہوگا۔