سرکاری ملازمین کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کا فیصلہ، 18 اگست سے آغاز ہوگا

سرکاری ملازمین کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کا فیصلہ، 18 اگست سے آغاز ہوگا

وفاقی دارالحکومت میں تعینات سرکاری ملازمین کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کے ملازمین کی ہیپاٹائٹس سی کے لیے اسکریننگ کی جائے گی ، اس مہم کا باقاعدہ آغاز 18 اگست سے ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو ہیپاٹائٹس سے متعلق اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد ہیپاٹائٹس سی کے ایسے مریضوں کی بروقت نشاندہی کرنا ہے جو بیماری سے متاثر ہونے کے باوجود اس سے لاعلم ہیں، اسکریننگ کے عمل کے ذریعے متاثرہ ملازمین کی شناخت کے بعد انہیں مزید طبی معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

18 اگست سے مہم شروع ہوگی

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال وزارت صحت سے ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ مہم کا آغاز کریں گے، پہلے مرحلے میں سرکاری ملازمین کے ٹیسٹ کیے جائیں گے، جس کے بعد مثبت آنے والے کیسز کے لیے مزید طبی اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت نے سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری سنا دی

پازیٹو ملازمین کا مفت پی سی آر ٹیسٹ

جن سرکاری ملازمین میں ہیپاٹائٹس سی کی ابتدائی اسکریننگ مثبت آئے گی، ان کا مفت پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ بیماری کی حتمی تصدیق کی جاسکے،حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی پازیٹو قرار پانے والے سرکاری ملازمین کو مفت ادویات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے متاثرہ افراد کو علاج کے اخراجات سے ریلیف ملے گا۔

50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس خرید لی گئیں

وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے لیے 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس خریدی گئی ہیں، جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے سیمپلز کی ٹیسٹنگ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں جاری ہے۔

اربوں روپے کا منصوبہ

وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے مجموعی منصوبے کے لیے 67 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ رواں مالی سال پروگرام کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سرکاری ملازمین کی اسکریننگ کا اقدام ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت عام کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے ذریعے بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ افراد کو بروقت علاج فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

editor

Related Articles