ٹرمپ کی عمان کو بمباری کی دھمکی،ایران سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

ٹرمپ کی عمان کو بمباری کی دھمکی،ایران سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران عمان کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مسقط نے ایران کے ساتھ آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالی تو امریکا اسے شدید بمباری کا نشانہ بنا سکتا ہے۔

فوکس نیوز کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر عمان امریکی کوششوں کے راستے میں آیا تو امریکا اسے بری طرح بمباری کا نشانہ بنائے گا، عمان کو دی گئی یہ دھمکی اس لیے بھی غیر معمولی قرار دی جا رہی ہے کہ مسقط طویل عرصے سے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

ایران سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

امریکی صدر نے ایران سے ایک بار پھر ہتھیار ڈالنے اور سفید جھنڈا لہرانے کا مطالبہ بھی کیا، ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو اچھے کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ ایران کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایران کیلئے کوئی ٹائم ٹیبل نہیں

امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی کی مفاہمتی مدت ختم ہونے کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے میں کوئی مقررہ ٹائم ٹیبل موجود نہیں اور وہ کسی جلد بازی میں نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کو جلد امریکہ کا حصہ قرار دینے کی دھمکی

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے اور اس مقصد کے لیے واشنگٹن اپنی پالیسی پر قائم ہے۔

امریکی ہتھیاروں کے استعمال کی رپورٹس مسترد

ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی پیٹریاٹ میزائلوں اور ٹوماہاک کروز میزائلوں سمیت جدید ہتھیاروں کے بڑے ذخیرے کے استعمال سے متعلق رپورٹس کو مسترد کردیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران امریکا نے اپنے ہتھیاروں کا حصہ بہت تھوڑا استعمال کیا ہے۔، واشنگٹن کے پاس مزید فوجی وسائل استعمال کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

ٹرمپ کے تازہ بیانات کے بعد ایران، عمان اور امریکا کے درمیان علاقائی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles