پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں اور سکوٹرز کی مارکیٹ میں ایک اور نیا ماڈل شامل ہوگیا، جہاں یادیہ (Yadea) نے اپنی الیکٹرک بائیک لائن اپ میں GT70 سائبر متعارف کرا دیا ہے۔
نیا الیکٹرک بائیک سنگل اور ڈوئل بیٹری کنفیگریشن میں دستیاب ہے، جس کے باعث صارفین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق ماڈل کا انتخاب کرسکتے ہیں،Yadea GT70 سائبر میں 2,000 واٹ کی الیکٹرک موٹر دی گئی ہے، جو بائیک کو زیادہ سے زیادہ 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
معیاری ورژن میں 72V 50Ah کی LFP بیٹری استعمال کی گئی ہے، کمپنی کے مطابق WMTC ٹیسٹنگ کے تحت سنگل بیٹری ماڈل تقریباً 110 کلومیٹر تک کی دعویٰ کردہ رینج فراہم کرتا ہے۔
ڈوئل بیٹری سے 170 کلومیٹر رینج
GT70 سائبر میں اضافی 72V 30Ah LFP بیٹری شامل کرنے کا آپشن بھی موجود ہے، دوسری بیٹری شامل ہونے کے بعد بائیک کی دعویٰ کردہ مجموعی رینج تقریباً 170 کلومیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔
تاہم حقیقی رینج سواری کے انداز، رفتار، ٹریفک، سڑک کی صورتحال اور سوار کے وزن سمیت مختلف عوامل کے باعث کمپنی کی دعویٰ کردہ رینج سے مختلف ہوسکتی ہے۔
اس الیکٹرک بائیک میں سامنے اور پیچھے ڈسک بریک فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ 12 انچ کے پہیے سواری کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، GT70 سائبر میں 150 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بائیک میں ڈیجیٹل TFT ڈسپلے موجود ہے، جس میں نیویگیشن سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے صارف کو سفر کے دوران ضروری معلومات دیکھنے میں سہولت ملتی ہے۔
سائز بھی سامنے آگیا
Yadea GT70 سائبر کی لمبائی 2,080 ملی میٹر، چوڑائی 715 ملی میٹر جبکہ اونچائی 1,175 ملی میٹر ہے، بائیک کی مختلف خصوصیات اسے شہری سفر کے لیے تیار کیے گئے الیکٹرک دو پہیوں میں شامل کرتی ہیں، جبکہ ڈوئل بیٹری کا آپشن زیادہ فاصلے کے سفر کرنے والے صارفین کے لیے اضافی سہولت فراہم کرتا ہے۔
پاکستان میں قیمت
پاکستان میں Yadea GT70 سائبر کے سنگل بیٹری ورژن کی قیمت 4 لاکھ 79 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈوئل بیٹری ورژن 5 لاکھ 79 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
اضافی بیٹری کے لیے صارف کو 1 لاکھ روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے، جس کے نتیجے میں دعویٰ کردہ رینج 110 کلومیٹر سے بڑھ کر تقریباً 170 کلومیٹر ہوجاتی ہے۔