وزارت اطلاعات نے خواجہ آصف کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو جعلی قرار دیدیا

وزارت اطلاعات نے خواجہ آصف کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو جعلی قرار دیدیا

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پر وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی زیرِ گردش ایک متنازع ویڈیو کو مکمل طور پر جعلی اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس / اے آئی) کے ذریعے تیار کردہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پروائرل اس جعلی ویڈیو میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کو مبینہ طور پر پاکستان اور بھارت کا سیاسی ، معاشی صورتحال کا موازنہ کرتے دکھایا گیا اور اس آڈیو میں  یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ بھارت نے ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور معیشت میں خود کو مضبوط کر لیا ہے جبکہ پاکستان پیچھے رہ گیا ہے اور وہ عوام کوصورتحال پر سوال اٹھانے کا کہہ رہے ہیں جو کہ سراسر غلط ہے ۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے جاری کردہ وضاحتی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو من گھڑت اور حقائق کے برعکس ہے، اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اس نوعیت کا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

وزارت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مذکورہ ویڈیو پر ‘جھوٹ: یہ اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو ہے’ کا ٹیگ لگا کر اس کی باضابطہ تردید کرتے کہا کہ اس ویڈیو میں موجود آواز وزیر دفاع خواجہ آصف کی نہیں بلکہ اسے کمپیوٹر سافٹ ویئر اور آڈیو کلوننگ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے عوام اور میڈیا صارفین کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے کسی بھی غیر مصدقہ مواد، ویڈیو یا خبر کو شیئر اور فارورڈ کرنے سے قبل متعلقہ سرکاری اور مستند ذرائع سے اس کی تصدیق لازمی کر لیں تاکہ فیک نیوز اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا سدِباب کیا جا سکے۔

editor

Related Articles