پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ پاکستان میں بھی فی تولہ سونا ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 82 ہزار 936 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 972 روپے بڑھ گئی اور نئی قیمت 4 لاکھ 14 ہزار 39 روپے مقرر ہوگئی۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 627.42 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ کاروباری سیشن کے دوران سونے کی قیمت 15 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 683.80 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی خریداری دوبارہ بڑھ رہی ہے ماہرین کے مطابق کمزور امریکی ڈالر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا ایک اہم سبب ہے جبکہ بلند بانڈ ییلڈز، معاشی دباؤ اور پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال پر بھی سرمایہ کاروں کی نظر ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور یہ 7 ہزار 379 روپے پر برقرار رہی۔
عالمی منڈی میں دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسپاٹ چاندی 0.3 فیصد کمی کے بعد 68.76 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.5 فیصد کمی کے بعد 1 ہزار 868.03 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.3 فیصد کمی کے بعد 1 ہزار 345.87 ڈالر فی اونس ہوگیا۔
سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافے اور عالمی مارکیٹ میں تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح عبور کرنے کے بعد پاکستان میں بھی سونے کے مزید مہنگا ہونے کا رجحان برقرار رہنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں