تعلیمی اداروں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا اسپورٹس ایونٹس کا فیصلہ

تعلیمی اداروں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا اسپورٹس ایونٹس کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اکتوبر سے دسمبر تک میگا اسپورٹس ایونٹس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام اسکولوں میں کھیلوں کے مختلف مقابلے تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ میگا اسپورٹس ایونٹس کا فائنل مقابلہ دسمبر میں ہوگا، جس کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔ مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے تعلیمی سال کا آغاز ،فرانس میں طلبہ کے موبائل فون استعمال پر پابندی

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اسپورٹس کٹس کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 35 ہزار اسکولوں میں اسپورٹس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 اسکولوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

Related Articles