انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید اور فی کس 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ جاری کیا، جس میں تمام سزا یافتہ ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
سزا پانے والے ملزمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور شیخ راشد شفیق شامل ہیں،اس کے علاوہ شہباز گل، ذوالفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی بھی سزا پانے والوں میں شامل ہیں۔
سازش اور پرتشدد احتجاج کا الزام
عدالت کے فیصلے کے مطابق سزا یافتہ ملزمان 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی اور سازش میں ملوث پائے گئے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں بھی ملزمان کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔
فیصلے کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم اور سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن پر حملوں میں ملوث پائے گئے،ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی تھے۔
انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 21-L کے تحت 47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل کیا گیا،پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو سیکشن 19/10 کے تحت اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے انکوائری تشکیل دی۔ عدالتی انکوائری میں 47 ملزمان کو دانستہ طور پر مفرور قرار دیا گیا۔
اخبار میں اشتہار جاری
انکوائری رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کی طلبی کا اشتہار جاری کیا اور انہیں 7 روز کے اندر عدالت کے سامنے پیش ہو کر سرنڈر کرنے کا موقع دیا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود کوئی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
بعد ازاں عدالت نے اشتہاری ملزمان کے لیے اسٹیٹ کونسل مقرر کرکے فرد جرم عائد کی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے 19 گواہان کے بیانات قلمبند کرائے گئے، جبکہ اسٹیٹ کونسل نے گواہان پر جرح کی۔
118 ملزمان پر فرد جرم
جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی،مقدمے میں اب تک استغاثہ کے 44 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں، جبکہ 18 ملزمان دوران ٹرائل مسلسل عدالت سے غیر حاضر رہے اور 29 ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔
47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے انہیں 10،10 سال قید، فی کس 5 لاکھ روپے جرمانے اور جائیدادیں ضبط کرنے کی سزا سنائی،جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا۔