نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری، 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کی تجویز

نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری، 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کی تجویز

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری اور جعلی کرنسی کے بڑھتے ہوئے معاملے پر اہم بریفنگ دی گئی ،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کمیٹی کو نئے نوٹوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مرکزی بینک نے 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی درخواست کردی ہے، نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کے بعد 10 روپے کا نوٹ چھاپنے کے بجائے اس مالیت کا سکہ جاری کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ 10 روپے کے نوٹ کی طباعت پر آنے والی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث اسے ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

نئے نوٹوں کا ڈیزائن مسترد

سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے تیار کیے گئے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے مسترد کردیا ہے،ڈاکٹر عنایت حسین کے مطابق کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں نئے فیچرز اور ڈیزائن میں مطلوبہ تبدیلیاں شامل کی جارہی ہیں۔

جعلی نوٹوں کا مسئلہ

اجلاس میں جعلی کرنسی کی گردش پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، مرکزی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ نئے نوٹوں میں بھی جعلی کرنسی کے مکمل خاتمے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی،مرکزی بینک حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ زیادہ گردش میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء سے متعلق گورنر اسٹیٹ بینک کا اہم بیان آگیا

جعلی نوٹ

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے دعویٰ کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں سے بھی جعلی کرنسی نکل رہی ہے،جعلی نوٹوں کی تعداد میں اس قدر اضافہ ہوگیا ہے کہ بعض دکاندار ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے نوٹ لینے سے گریز کرتے ہیں،اس پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ دیگر ممالک کی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستان میں جعلی کرنسی کی گردش نسبتاً کم ہے۔

موجودہ نوٹ 2005 سے زیر گردش

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ موجودہ کرنسی نوٹوں کی طباعت کا سلسلہ 2005 میں شروع ہوا تھا اور اب تمام نوٹ نئے ڈیزائن کے ساتھ جاری کیے جائیں گے،انہوں نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ایک کنسلٹنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ بھی کیا جاچکا ہے۔

اسٹیٹ بینک پر 15 ہزار روپے واجب الادا

چیئرمین کمیٹی نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک کنسلٹنٹ کمپنی کا 15 ہزار روپے کا مقروض ہے اور گزشتہ دو سال سے یہ رقم واپس نہیں کی گئی،دو سال قبل اسٹیٹ بینک کو تین نوٹ دیے گئے تھے، جو تاحال واپس نہیں کیے گئے۔

editor

Related Articles