پاکستان میں سونے کی قیمت میں چار روز مسلسل اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد 24 قیراط فی تولہ سونا 600 روپے سستا ہوگیا،آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 86 ہزار 536 روپے ہوگئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی ہوئی، جو 514 روپے گھٹ کر 4 لاکھ 17 ہزار 126 روپے پر آگئی ہے۔
سونے کی قیمت میں حالیہ کمی کے باوجود مقامی مارکیٹ میں قیمتی دھات کی قیمت بلند سطح پر برقرار ہے، جس کے باعث زیورات کی خریداری کرنے والے صارفین کو اب بھی بھاری رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے،عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 6 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 640 ڈالر کی سطح پر آگیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑتا ہے، جبکہ روپے کی قدر اور عالمی معاشی صورتحال بھی مقامی نرخوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
دوسری جانب ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 100 روپے سستی ہونے کے بعد 7 ہزار 279 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
اگرچہ آج سونے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے، تاہم ماہرین نے رواں ماہ فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور مقامی معاشی عوامل کے باعث آنے والے دنوں میں سونے کے نرخ میں دوبارہ تیزی آنے کا امکان موجود ہے