آزاد کشمیر اسمبلی میں طارق فاروق سپیکر اور احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب

آزاد کشمیر اسمبلی میں طارق فاروق سپیکر اور احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے طارق فاروق سپیکر جبکہ احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے، دونوں نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق فاروق نے 32 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

ڈپٹی سپیکر کا انتخاب

ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار احمد رضا قادری 32 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل عامر غفار لون نے 14 ووٹ حاصل کیے،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب 46 ارکان نے بھی حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب

نومنتخب سپیکر چودھری طارق فاروق نے ڈپٹی سپیکر احمد رضا قادری سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،حلف اٹھانے کے بعد احمد رضا قادری نے ڈپٹی سپیکر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

آئین کے مطابق ذمہ داریاں ادا کرنے کا عزم

حلف برداری کے بعد سپیکر چودھری طارق فاروق اور دیگر ارکان نے نئے ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،احمد رضا قادری نے اس موقع پر اپنے عہدے کی ذمہ داریاں آئین، قانون اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مخصوص نشستوں پر بھی ن لیگ کامیاب

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن نے 6 جبکہ پیپلز پارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن کی اسمبلی میں پوزیشن مزید مضبوط ہوئی، جس کے بعد پارٹی کے امیدوار سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں بھی کامیاب ہوگئے۔

editor

Related Articles