پولیس امن کمیٹی کی غنڈہ گردی ، خیبر پختونخوا حکومت کا بنوں، لکی مروت میں اضافی ایف سی تعینات کرنے کا مطالبہ

پولیس امن کمیٹی کی غنڈہ گردی ، خیبر پختونخوا حکومت کا بنوں، لکی مروت میں اضافی ایف سی  تعینات کرنے کا مطالبہ

خیبرپختونخوا حکومت نے بنوں اور لکی مروت میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کی مزید 9 پلاٹونز فوری طور پر تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بھی اضافی نفری کی تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے تاکہ اہم سرکاری و حساس تنصیبات کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ حکام کو بھیجے گئے مراسلے میں بنوں اور لکی مروت کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دونوں اضلاع میں نام نہاد پولیس امن کمیٹیوں کی سرگرمیوں کے باعث صورتحال پیچیدہ ہوئی ہے۔

مراسلے کے مطابق بعض افسران کو دھمکیاں دینے سرکاری اہلکاروں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے سڑکیں بند کرنے اور فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض حساس تنصیبات سے پولیس نفری واپس لیے جانے کے باعث بھی سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایئر پورٹ پر پھنس گئے ، اپنا سسٹم ہی جواب دے گیا

پولیس نے مجموعی طور پر 9 پلاٹونز فیڈرل کانسٹیبلری تعینات کرنے کی سفارش کی ہے ان میں بنوں کیلئے 5 جبکہ لکی مروت کیلئے 4 پلاٹونز طلب کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق اضافی نفری کو ان علاقوں میں معمول کی پولیس ڈیوٹی کے بجائے بالخصوص اہم اور حساس مقامات کی حفاظت کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

مجوزہ اضافی نفری کو ضلعی جیل جوڈیشل کمپلیکس ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر آفس ہائی کورٹ بنوں بینچ اور گرڈ اسٹیشن سمیت دیگر حساس مقامات پر تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے۔

مراسلے میں سڑکوں کی بندش فائرنگ اور سرکاری امور میں مبینہ رکاوٹوں کو بھی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سرکاری افسران اور انتظامیہ کی آزادانہ نقل و حرکت متاثر ہونے سے نہ صرف انتظامی معاملات متاثر ہوتے ہیں بلکہ حساس علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔

صوبائی حکومت اور پولیس کی جانب سے اضافی ایف سی نفری طلب کرنے کا بنیادی مقصد اہم تنصیبات کا تحفظ، سرکاری اداروں کی سیکیورٹی کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ قرار دیا گیا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles