جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر پر ایف آئی اے امیگریشن کا سسٹم اچانک ہینگ ہونے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر باعث مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز EK603 کی روانگی بھی متاثر ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اسی پرواز کے ذریعے دبئی روانہ ہو رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق امیگریشن سسٹم میں خرابی کے باعث وزیر داخلہ کے امیگریشن عمل میں بھی تاخیر ہوئی اس دوران انہیں مشکل کا سامنا کرنا پڑا جس پر انہوں نے متعلقہ ایف آئی اے امیگریشن حکام سے بازپرس کی۔
محسن نقوی نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے انٹرنیشنل ڈیپارچر ایریا میں ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹرز کا دورہ کیا جہاں حکام نے انہیں سسٹم میں آنے والی خرابی اور اس کے باعث مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سسٹم ہینگ ہونے کے باعث تقریباً آدھے گھنٹے تک مسافروں کا امیگریشن عمل متاثر رہا جس کے نتیجے میں روانگی کے عمل میں بھی تاخیر ہوئی۔
وزیر داخلہ نے موقع پر موجود مسافروں سے بھی بات چیت کی اور امیگریشن کے عمل سے متعلق ان کی مشکلات معلوم کیں۔ انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ امیگریشن سسٹم کو فوری طور پر اپ گریڈ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسی تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق سسٹم میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کو فوری طور پر دور کردیا گیا، جس کے بعد مسافروں کی بورڈنگ کا عمل دوبارہ جاری کردیا گیا۔
دستیاب فلائٹ ریکارڈ کے مطابق EK603 کراچی سے دبئی کی پرواز کا مقررہ روانگی کا وقت رات 10 بج کر 55 منٹ تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ خرابی دور ہونے کے بعد پرواز کو دبئی کے لیے روانہ کردیا گیا جبکہ واقعے کے بعد وزیر داخلہ نے امیگریشن سسٹم کی استعداد اور تکنیکی سہولیات بہتر بنانے پر زور دیا۔