ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مسلم دنیا میں مضبوط اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو دیوار کی اینٹوں کی طرح متحد ہونا ہوگا،ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ مسلم ممالک کے درمیان اختلافات کم کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلم دنیا کا اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کرچکا ہے،انہوں نے کہا کہ مسلمان صدیوں تک تاریخ رقم کرتے رہے ہیں اور دنیا میں نظم و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ دنیا اس وقت حق اور باطل کے درمیان ایک تاریخی جدوجہد سے گزر رہی ہے اور اس جدوجہد میں ان شاء اللہ حق غالب آئے گا،انہوں نے کہا کہموجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلم ممالک کو اپنے باہمی اختلافات پر قابو پانا ہوگا۔
رجب طیب اردوان نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو کم کرکے مشترکہ مفادات کے لیے مل کر کام کریں،انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کا حل باہمی تعاون، اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ مضبوط اتحاد ہی مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ مسلم ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور اختلافات کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔