وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی قیادت اور نواز شریف کا تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ پارٹی قیادت اور نواز شریف نے کیا رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پارٹی قیادت کے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم بالآخر فیصلہ بیرسٹر افتخار گیلانی کے حق میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے ذریعے کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی،شاہ غلام قادر اور راجا فاروق حیدر بھی ٹیم میں شامل ہوں گے،مشیر وزیراعظم نے کہا کہ شاہ غلام قادر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر ہیں اور وہ ہر قیمت پر پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شاہ غلام قادر اور راجا فاروق حیدر کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا اور پارٹی معاملات میں ان کے کردار کو اہمیت دی جائے گی،واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
افتخار گیلانی نے انتخاب میں 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے،بیرسٹر افتخار گیلانی پہلی مرتبہ 2011 میں منتخب ہو کر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے تھے،وہ آزاد کشمیر کی حکومت میں وزیر تعلیم کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔