اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سڑک پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں شہریوں کو فوری تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے ’مکینک آن ویلز‘ سروس متعارف کرا دی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے کسی بھی علاقے میں گاڑی خراب ہونے یا راستے میں رک جانے کی صورت میں شہری ہیلپ لائن 1915 پر کال کرکے مکینک کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مکینک آن ویلز سروس کے تحت تربیت یافتہ عملہ متاثرہ گاڑی تک پہنچے گا اور موقع پر ہی ممکنہ تکنیکی خرابی دور کرنے میں مدد فراہم کرے گا،اس سروس کا مقصد گاڑی خراب ہونے کی صورت میں شہریوں کو طویل انتظار، اضافی اخراجات اور دیگر مشکلات سے بچانا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سروس کے حوالے سے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہےWhere the car stops, help arrives thereیعنی جہاں گاڑی رکے، مدد وہیں پہنچے گی۔
پولیس حکام کے مطابق ’مکینک آن ویلز‘ سروس شہریوں کے سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوگی،سڑک پر گاڑی خراب ہونے کے باعث ٹریفک میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں بھی کمی لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہر میں کسی بھی مقام پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں پریشان ہونے کے بجائے 1915 پر کال کریں اور مکینک آن ویلز سروس سے فوری مدد حاصل کریں۔