ملک میں کہیں گرمی اور حبس نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے تو کہیں بادل برسنے کی امید ، محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کردی۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی اور حبس کا راج برقرارہے جس نے شہریوں کا جینا محال کررکھا ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں،لاہور میں درجہ حرارت 37 ڈگری تک جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا چلنے کا سلسلہ بندہونے سے حبس کی کیفیت میں اضافہ ہوگیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37جبکہ کم سے کم 28 ہوگا،شہر میں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی اورہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری طرف کراچی میں مطلع ابر آلودہے اور بوندا باندی کاامکان ہے، محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں آج درجہ حرارت 32 ڈگری تک جائے گا، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے ، شہرقائد میں آج درجہ حرارت 32 ڈگری تک جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہرکراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 26.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈرہا، اس وقت جنوب مغرب سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔